دکی واقعہ ہمارے قدرتی وسائل پر قبضے کا منصوبہ ہے جس کی اجازت نہیں دی جاسکتی، پشتونخوامیپ

کوئٹہ(یو این اے )دکی میں نہتے و بے گناہ مائنز مزدورں کو رات کی تاریکی میں قتل کرنے اور پورے پشتونخوا وطن میں بدامنی و دہشت گردی کی کارروائیوں کے خلاف پشتونخوامیپ 18 اکتوبر بروز جمعہ صبح 9 بجے دکی میں مذمتی جلسہ منعقد کریگی اور بنو تاریخی جرگے کے فیصلوں کی روشنی میں 24 اکتوبر کو لورالائی میں پشتونخوامیپ کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی کی سربراہی میں لورالائی ڈویژن کی سطح پر سرکردہ قبائلی سیاسی و سماجی شخصیات پر مشتمل جرگے کا انعقاد کیا جائے گا جرگے میں تفصیلی بحث مباحثے کے بعد پشتون وطن بالخصوص لورالائی ڈویژن میں جاری بدامنی دہشت گردی اور دیگر مسائل کے روک تھام کے لیے آئیندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ پشتونخوامیپ کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں دکی میں دہشت گردوں کیجانب سے دل دہلا دینے والے سفاکانہ کاروائی کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ضلع بھر میں ضلعی انتظامیہ پولیس لیویز کے علاوہ بڑی تعداد میں ایف سی تعینات ہے اور امن و امان کے نام پر صوبائی حکومت سیکورٹی کے نام پر سالانہ اربوں روپے فراہم کررہی ہے اس کے علاوہ کوئلے کے فی ٹن 220 روپے بھتہ بھی لے رہی ہیں لیکن اس کے باوجود سرے شام 21 مائنز مزدورں کوشہید کرنے،آدھے درجن سے زیادہ کو شدید زخمی کرنے،بڑے پیمانے پر مائینز مشینری کو نقصان پنچانے کا سفاکانہ واقعے کا رونما ہونا سمجھ سے بالاتر ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ اس طرح کے واقعات کا رونما ہونا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے اس سے پہلے بھی کوئلے سے لوڈ ٹرکوں کو نذر آتش کرنے اور ڈرائیوروں کو ہلاک و زخمی کرنے کے واقعات رونما ہوچکے ہیں لیکن آج تک کسی بھی واقعہ کا صوبائی حکومت اور نہ ہی وفاقی حکومت نے کسی قسم کا کوئی نوٹس لیا ہے نہ ہی ان دہشتگردانہ واقعات میں ملوث افراد کو قانون کے کٹہرے میں لایا گیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دکی،ہرنائی،شارگ،خوست اور سماولنگ جن میں کوئلے کے وسعی ذخائر موجود ہیں دراصل اس پلانٹڈ دہشت گردی کا مقصد ہمارے قدرتی وسائل / معدنیات پر قبضے کا منصوبہ ہے جسے کسی صورت کسی قبضہ گر کو قبضہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔پشتونخوامیپ کے صوبائی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ فارم 47 کے نااہل و ناکام صوبائی حکومت کے نام نہاد نمائیندوں نے اس اہم واقعہ سے جان چھڑانے کے لیے ہلاک و زخمی مزدوروں کے لیے نام نہاد پیکیج کا اعلان کرکے اپنی ذمہ داریوں سے اپنے آپ کو بری الذمہ قرار دینے کی ناکام کوشش کررہے ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ دکی واقعہ کی فی الفور صاف شفاف تحقیقات کرکے واقعے میں ملوث افراد کو گرفتار اور دہشتگردی کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں