کراچی میں شدید گرمی کے بعد تیز بارش سے موسم خوشگوار

کراچی میں محکمہ موسمیات کی پیش گوئی سے ایک روز قبل ہی بادل برس پڑے، محکمہ موسمیات نے شہر قائد میں جمعہ اور ہفتہ کے روز تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی تھی اور اربن فلڈنگ کا خطرہ ظاہر کیا تھا۔

تاہم جمعرات کی دوپہر 12 بجے کے قریب کراچی کے علاقے گلشن معمار، بفرزون، ناظم آباد میں کچھ دیر کے لیے بارش برسی اور سہ پہر کو یہ سلسلہ شہر کے دیگر علاقوں تک بھی پھیل گیا۔

محکمہ موسمیات کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق آج سب سے زیادہ بارش صدر کے علاقے میں 28 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی۔

اس کے بعد پی اے ایف فیصل بیس پر 23.5،سرجانی ٹاؤن میں 19.0، گلستان جوہر میں 11.8، اولڈ ایئرپورٹ پر 11.3، جناح ٹرمینل اور ناظم آباد میں 9، گلشن حدید میں 7 ،نارتھ کراچیمیں 4.8، مسرور بیس پر 4.5 اور لانڈھی میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

بارش کے باعث شہر کی بڑی شاہراہیں اور سڑکیں زیر آب آگئیں جس کی وجہ ٹریفک جام ہوگیا اور سفر کرنے والوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

بارش کے بعد شارع فیصل پر پانی جمع ہوگیا اس کے علاوہ گلشن اقبال میں نیپا اور بیت المکرم مسجد کے اطراف میں بھی پانی جمع ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔اس کے علاوہ تیز بارش ہوتے ہی حسب معمول شہر کے متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی کا سلسلہ منقطع ہوگیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں