اسلام آباد میں پشتونوں کی گرفتاریوں، انہیں ناجائز تنگ کرنے مذمت کرتے ہیں، پشتونخواہ میپ

کوئٹہ(یو این اے) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی پریس ریلیز میں اسلام آباد سمیت پنجاب بھر میں پشتونوں کی گرفتاریوں ، انہیں ناجائز تنگ کرنے ،انسداد دہشتگردی سمیت مختلف جعلی مقدمات میں تھانوں میں بند کرنے ، جیلوں میں ڈالنے کے ناروا اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے ملک کی بنیادوں سے کھیلنے کے مترادف قرار دیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ پشتون ملک میں آبادی کے لحاظ سے پہلی جبکہ غلط حکومتی اعداد وشمار کے مطابق دوسری بڑی قوم ہے۔ جن کی ہزاروں سالہ تہذیب وتمدن ، امن ، ثقافت کی تاریخ اور اپنے وطن پر آباد ہونے کے شواہد موجود ہیں ۔ اپنے قومی وسائل سے حق محرومی واک وختیار نہ ہونے کے باعث مجبوراً اپنے گھر ، وطن کو چھوڑ کر ملک کے مختلف شہروں ، علاقوں اور بیرون ملک محنت مزدوری اور دیار غیر کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ اسی طرح اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں محنت مزدوری کے ذریعے اپنے بچوں کی کفالت کررہے ہیں لیکن کیپٹل پولیس(اسلام آباد) اور پنجاب پولیس کی جانب سے پشتونوں کے خلاف کریک ڈائون ان پر گھیرا تنگ کرنا اور ان کی محنت مزدوری کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرکے انہیں بیروزگار کرنا ان کے تہذیب وثقافت اور زبان کے خلاف نفرت آمیز ، رویہ رکھنا دراصل پانچ اقوام کے فیڈریشن کے لیے مشکلات بڑھانے اورفیڈریشن کے خلاف سازش ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک میں پہلے سے ہی ایک انہونی صورتحال ہے عوام مشکلات میں گرے ہوئے ہیں ، مہنگائی ، بیروزگاری، غربت اور انارکی پھیل رہی ہے ایسے حالات میں اسلام آباد میں ملک کے سب سے زیادہ ووٹ لینے والی سیاسی جماعت کی جانب سے پر امن دھرنا دینے پر فائرنگ ، شیلنگ کرنے ، معصوم بے گناہ شہریوں ، سیاسی کارکنوں کو شہید کرنے کے بعد پورے شہر میں محنت مزدوری کرنے ، ریڑھی چلانے والے پشتونوں کے خلاف کریک ڈائون، انہیں تھانوں میں بند کرنے ، رشوت خوری، تشدد، شناختی کارڈ دیکھنے جیسے عمل نفرتوں میں اضافہ اور دوریوں کے سوا کچھ بھی نہیں ۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ فی الفوربے بنیاد ناروا جھوٹے مقدمات کو واپس لیکر تمام بے گناہ پشتونوں کو رہا کیا جائے اور ایسے اقدامات فوری طور پر ترک کیئے جائیں جو لسانی بنیادوں پر نفرت کو جنم دینے کا باعث بنتی ہو اور حکومت کی اپنی عوام دشمن ، پشتون دشمن پالیسیوں پر نظرثانی کرے ۔