بلوچستان میں پولیو کیسز میں اضافہ، ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ضلعی انتظامیہ ناکام، ماہرین
کوئٹہ(یو این اے )رواں سال بلوچستان میں پولیو کیسز میں اضافہ دیکھنے کو ملا ہے، اور صوبے کے مختلف اضلاع سے اب تک 26 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ماہرین کے مطابق، دنیا میں صرف دو ممالک، افغانستان اور پاکستان میں پولیو وائرس موجود ہے۔ بلوچستان میں پولیو کیسز کی تعداد میں اضافے کو ایمرجنسی آپریشن سینٹر اور ضلعی انتظامیہ کی بڑی ناکامی قرار دیا جا رہا ہے۔اس سال ایک اور سنگین انکشاف ہوا تھا کہ پولیو کا عملہ جعلی مارکنگ کرکے اپنے اہداف پورا کر رہا تھا، جس کی وجہ سے کیسز میں مزید اضافہ ہوا۔ اس صورتحال میں جہاں انکاری والدین کا مسئلہ بھی موجود ہے، وہیں علما کرام کی بڑی تعداد پولیو حکام کے ساتھ اس معاملے کو حل کرنے میں جڑی ہوئی ہے۔تاہم، کوئٹہ، چمن، قلعہ عبداللہ، قلعہ سیف اللہ، ڈیرہ بگٹی، جھل مگسی سمیت دیگر ہائی رسک اضلاع میں صفائی کا ناقص نظام بھی پولیو وائرس کے خاتمے میں ایک بڑی رکاوٹ بن چکا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر یہ صورتحال پانچ سال تک برقرار رہی تو پاکستان دنیا کا واحد ملک بن سکتا ہے جہاں پولیو وائرس موجود ہوگا۔


