جیکب آباد، پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکووں نے لوٹ لیا

جیکب آباد (آئی این پی ) پیدل حج پر جانے والے نوجوان کو ڈاکووں نے لوٹ لیا۔ تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے قریبی ضلع کشمور کے علاقے مرید شاخ کے گاوں حاجی غلام حیدر دستی کے رہائشی نوجوان بادل دستی پیدل حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے اپنے گاوں سے 15دسمبر کو نکلے ہیں، گزشتہ روز کشمور ضلع کے علاقے تنگوانی میں نامعلوم ڈاکووں نے اس سے اسلحہ کے زور پر 15 ہزار روپے لوٹ لیے، پیدل حج پر جانے والے نوجوان بادل دستی نے جیکب آباد کی تحصیل ٹھل پہنچنے پر صحافیوں کو بتایا کہ پیدل حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے اپنے گاوں سے 15 دسمبر کو نکالا تھا گزشتہ روز تنگوانی کے علاقے میں ڈاکووں نے مجھے لوٹ لیا اور میرے پاس موجود 15 ہزار روپے چھین کر فرار ہوگئے، نوجوان نے بتایا کہ پیدل حج کے لیے نکلا ہوں میں نے پیسے اس لیے کم اٹھائے تھے کہ میں کوئٹہ پہنچ کر وہاں بھائی سے پیسے لیکر آگے سفر کے لیے نکلوں گا، نوجوان کے مطابق یہاں سے کوئٹہ پھر تفتان کے راستے ایران میں داخل ہوکر پھر عراق، کویت یا دبئی کے راستے سعودی عرب جاونگا ، انہوں نے کہا کہ حج کرنا ہر مسلمان کی دلی خواہش ہوتی ہے میرے پاس اتنے پیسے نہیں کہ میں حج کرسکوں اس لیے پیدل نکلا ہوں، میرے والدین فوت ہوچکے ہیں اگر وہ زندہ ہوتے تو میں ان کی خدمت کرکے حج کا ثواب حاصل کرتا ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں