کوئٹہ،2درجن سے زائد بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ کی دوخواتین گرفتار
کوئٹہ(یو این اے )کوئٹہ پولیس نے بچوں کو اغوا کرنے والے گروہ کی خواتین کو گرفتار کرلیا ہے۔ یہ گروہ بچوں کو اغوا کر کے سندھ اور پنجاب میں دو سے تین لاکھ روپے کے عوض فروخت کرتا تھا۔پولیس کے مطابق، واقعہ کلی دیبہ کے علاقے رستم چوک میں پیش آیا، جہاں حافظ محمد عالم مدرسے کے قریب دو اغوا کار بچے کو اغوا کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اس دوران اہل علاقہ نے انہیں پکڑ کر زدوکوب کرنے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا۔پولیس ذرائع کے مطابق، ابتدائی تفتیش میں گرفتار خواتین نے اعتراف کیا کہ وہ اور ان کے ساتھی بروری روڈ، مغربی بائی پاس اور دیگر مختلف علاقوں سے تین سے چھ سال کے بچوں کو اغوا کرتے تھے، جنہیں بعد ازاں سندھ اور پنجاب لے جا کر دو سے تین لاکھ روپے میں فروخت کیا جاتا تھا۔پولیس نے خواتین کو گرفتار کر کے مزید تفتیش شروع کر دی ہے اور اس گروہ کے دیگر اراکین کی تلاش جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اس گروہ کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی اور اغوا شدہ بچوں کو بازیاب کر کے ان کے خاندانوں کے حوالے کیا جائے گا۔