نومئی میں ملوث لوگوں کا کیس ملٹری کورٹ میں جا سکتا ہے تو اصل ماسٹر مائنڈ کا کیوں نہیں ، رانا تنویر حسین
مریدکے( این این آئی)وفاقی وزیر صنعت وپیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے پاکستان کے خلاف باتیں ان معاملات کا تسلسل ہیںجو بانی پی ٹی آئی کے پیچھے ہیں اور پاکستان کو دفاعی ، معاشی اور سیاسی اعتبار سے کمزور دیکھنا چاہتی ہیں ۔ممتاز سماجی شخصیت تنظیم الاخوان کے سربراہ حاجی قاری محمد رمضان ،ڈاکٹر احمد عمار آصف اور مرزا عمر یعقوب کی طرف سے پی پی 139ضمنی الیکشن میں کامیابی کی خوشی میں کیک کاٹنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہاکہ 9مئی کا فیصلہ بہت پہلے آجانا چاہیے تھا ،اس طرح کے حساس کیسزکا فیصلہ دیر سے آرہا ہے تو عام مقدمات کا کیا حال ہوگا ،9مئی کے اصل ماسٹر مائنڈ بانی پی ٹی آئی ہیں ،دوسرے لوگوں کا کیس ملٹری کورٹ جاسکتا ہے تو بانی پی ٹی آئی کا کیس ملٹری کورٹس کیوں نہیں جاسکتا ۔ انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی نے ہمیشہ پاکستان کے خلاف سیاست کی ،اس کی سیاست نے پاکستان اور دفاع کو بہت نقصان پہنچایا ،2014ء سے آج تک اس ی سیاست کا محور پاکستان کو نقصان پہنچانا ہے ۔جب ان سے سوال کیا گیا پاکستان پر امریکہ کی تنقید اور کچھ اداروں پر پابندی اس بات کا تسلسل تو نہیں جو قوتیں بانی پی ٹی آئی کے پیچھے ہیں جس پر رانا تنویر حسین کا کہنا تھا اس میں کوئی شک نہیں ، بانی پی ٹی آئی کے پیچھے وہ قوتیں کھڑی ہیں جو پاکستان کو غیر مستحکم دیکھنا چاہتی ہیں ،امریکہ کی طرف سے پاکستان کے دفاعی نظام کے متعلق اچانک باتیں کرنا اس بات کا تسلسل لگتا ہے ،غیر ملکی قوتیں خاص کر بھارت اسرائیل سمیت کئی ممالک بانی پی ٹی آئی کے پیچھے کھڑے ہیں ،وہ پہلے بھی کہتے تھے اب بھی کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی ان غیر ملکی قوتوں کا ایجنٹ ہے ۔ایسی تمام قوتیں سن لیں پاکستان کے عوام اور دفاعی ادارے ارض وطن کے دفاع کیلئے ایک پیج پر ہیں ۔


