سبی ،مصور خان کاکڑ کی بازیابی کیلئےاحتجاجی ریلی و مظاہرہ
سبی(یو این اے) کوئٹہ سے اغوا ہونے والے معصوم بچے مصور خان کاکڑ کی بازیابی کے لئے سبی میں صرافہ ایسوسی ایشن کی جانب سے احتجاجی ریلی اور مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے سبی پریس کلب کے سامنے احتجاجی اجتماع منعقد کیا جس کی قیادت صرافہ یونین کے صوبائی جنرل سیکرٹری محمد نعیم رمضان اور سبی کے جنرل سیکرٹری محمد اسماعیل قریشی نے کی۔مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ صوبائی حکومت فوری طور پر اغوا ہونے والے بچے کی بازیابی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے محمد نعیم رمضان نے کہا کہ "صوبائی حکومت کوئٹہ سے اغوا ہونے والے معصوم بچے کی فوری بازیابی کے لئے مثر اقدامات کرے۔” انہوں نے مزید کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لئے صوبائی حکومت کو ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے تاکہ اس طرح کے واقعات کا تدارک ہو سکے۔مظاہرے میں مختلف طبقوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی اور اغوا کے بڑھتے ہوئے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت سے اپیل کی کہ وہ اس حساس معاملے پر فوری طور پر کارروائی کرے اور اغوا ہونے والے بچوں کی بازیابی کو اولین ترجیح دے۔