نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو یکم جنوری سے آپریشنل کیے جانے کا امکان

کوئٹہ(یو این اے )نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ یکم جنوری 2025 سے پروازوں کے لیے آپریشنل ہونے جا رہا ہے۔ اس بات کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ پی آئی اے کی خصوصی پروازیں کراچی اور اسلام آباد سے گوادر ایئرپورٹ پر لینڈ کریں گی۔ذرائع کے مطابق، کراچی سے اے ٹی آر ساختہ طیارہ جبکہ اسلام آباد سے ایئر بس 320 طیارہ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر اترے گا۔ ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے طیارے کو روایتی طور پر واٹر سیلوٹ پیش کیا جائے گا، جس کی نگرانی وفاقی وزیر دفاع و ہوابازی خواجہ آصف کریں گے۔ترجمان قومی ایئرلائن نے تصدیق کی ہے کہ پی آئی اے نے نیو گوادر ایئرپورٹ کے لیے فلائٹ آپریشنز کی منصوبہ بندی مکمل کر لی ہے، جس میں اے ٹی آر اور ایئر بس 320 طیارے شامل ہوں گے۔ ایئر بس 320 طیارے کے آپریشن کے لیے ضروری آلات کی فراہمی کا عمل جاری ہے۔نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر پر 55 ارب روپے کی لاگت آئی ہے، اور اس ایئرپورٹ کے رن وے عالمی معیار کے مطابق بنائے گئے ہیں۔ یہ رن وے ایئر بس 380 جیسے بڑے طیاروں کو بھی لینڈ کرنے کی سہولت فراہم کرتے ہیں۔ گوادر ایئرپورٹ کا یہ منصوبہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) کا ایک اہم حصہ ہے، جسے چین کے اشتراک سے سول ایوی ایشن اتھارٹی نے تعمیر کیا ہے۔یہ ایئرپورٹ گوادر کو بین الاقوامی ہوابازی کے لحاظ سے ایک اہم مرکز بنائے گا اور علاقے کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں