ن لیگ کی فطرت میں وفا نہیں، شہباز شریف ریٹائرڈ ہونے جا رہے ہیں، نبیل گبول کا دعویٰ
اسلام آباد(آئی این پی )پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نبیل گبول نے دعوی کیا ہے کہ شہباز شریف ریٹائرڈ ہونے جا رہے ہیں، ان کی حکومت ہے مگر وہ حکومتی معاملات پرتوجہ نہیں دے رہے۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے کچھ وعدے پورے کیے لیکن بے وفائی بھی کی، ن لیگ کی فطرت میں وفا نہیں بہت جلدی بے وفائی پر چلے جاتے ہیں۔نواز شریف سے متعلق رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے اپنے ہی لوگ کہتے ہیں میاں صاحب وفا نہیں کرتے لیکن نواز شریف کی قسمت اچھی ہے، بے وفائی کے باوجود حکومت مل جاتی ہے، وہ اقتدار میں آکر اسی ٹہنی کو کاٹتے ہیں جس پر بیٹھتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ نواز شریف خود کنارہ کش ہو کر مریم کو وزیراعظم کیلئے تیار کر رہے ہیں اور شہباز شریف اب ریٹائر ہونے جارہے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں پیپلز پارٹی رہنما نے کہا کہ ہماری گردن میں سر یا نہیں باقی جماعتوں کے رہنمائوں کی گردن میں ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہی حکومت ہے کس کی، پتہ نہیں حکومت چل کیسے رہی ہے، بظاہر لگتا ہے شہباز شریف کچھ کرنا چاہتے ہیں لیکن یہ ان کے بس کی بات نہیں۔موجودہ حکومت کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کی حکومت ہے مگر وہ حکومتی معاملات میں توجہ نہیں دے رہے، حکومت کو سنجیدگی سے سوچنا پڑے گا اور پیپلز پارٹی کو ڈرائیونگ سیٹ دینا پڑے گی۔


