ایس آئی ایف سی کی اپیکس کمیٹی نے اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دے دی

خصوصی سرمایہ کاری کونسل کی ایپکس کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز کی اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔ فورم کو انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔نجی نیوز کے مطابق خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی ایپیکس کمیٹی کا گیارہواں اجلاس وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت منعقد ہوا۔اجلاس میں آرمی چیف، وفاقی کابینہ، صوبائی وزرائے اعلیٰ، وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر ، وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان اور اعلیٰ سطح کے سرکاری حکام نے شرکت کی۔اجلاس میں ایس آئی ایف سی کے تحت اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ سیکرٹری ایپکس کمیٹی نے اجلاس کو قومی اقتصادی پلان کے منصوبے ’ اڑان پاکستان’ (2024-2029) کے حوالے سے ایس آئی ایف سی کے اسٹریٹجک فوکس، اقدامات اور شراکت کے بارے آگاہ کیا۔کمیٹی نے ملک کی بہتر ہوتے میکرو اکنامک حالات کو بہتر بنانے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے پائیدار اقتصادی ترقی کو یقینی بنانے اور معاشی بہتری کا فائدہ عوام تک پہنچانے کے حوالےسے اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر زور دیا۔کمیٹی نے پاکستان کے صنعتی منظرنامے کو نئے سرے سے بحال کرنے کے لیے خصوصی اقتصادی زونز SEZs کہ اصلاحات کے لیے ایکشن پلان کی منظوری دی۔کمیٹی نے نیشنل منرلز ہارمونائزیشن فریم ورک جو کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے تیار کیا گیا ہے، کی تجویز کا بھی جائزہ لیا۔ فورم کو انسانی وسائل کی ترقی (HRD) کے شعبے میں مختلف اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی، جن کی بدولت افرادی قوت کی مہارتوں کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے گا۔وزرائے اعلیٰ نے اپنے اپنے صوبوں میں جاری اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی جن سے معاشی ترقی کو فروغ ملے گا۔چیف آف آرمی اسٹاف نے معاشی استحکام کے لیے حکومت کے اقدامات، امن و امان اور سیکیورٹی بہتر بنانے میں کے لیے پاک فوج کی حمایت کے پختہ عزم کا یقین دلایا۔وزیر اعظم نے 2025 کے دوران مستقبل کی سرگرمیوں کے لیے حکمت عملی ترتیب دینے میں ایس آئی ایف سی، وزارتوں، محکموں اور منسلک اسٹیک ہولڈرز کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے ملک کے وسیع تر مفاد میں تمام سطحوں پر اجتماعی کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں