چینی کمپنی پنجاب میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کیلئے تیار، متعدد منصوبوں پر اتفاق
لاہور (مانیٹر نگ ڈیسک)چینی کمپنی چینگ ڈو نے پنجاب میں 70 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری پر رضامندی ظاہرکردی جس کے تحت صوبائی حکومت کے تعاون سے ای ٹیکسی سروس سمیت متعدد منصوبوں پر کام کرے گی۔نجی ٹی وی ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے چینی کمپنی کے اعلی سطح وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات کرنے والوں میں چینگ ڈو جنرل کوآرڈینیٹر برائے آئی سی ٹی اور ڈپٹی سی ای او ہواوے شامل تھے۔ملاقات میں نوازشریف آئی ٹی سٹی میں ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے پر اتفاق کیا گیا، نوازشریف آئی ٹی سٹی میں چینی کمپنی کمپیوٹنگ سینٹر بھی قائم کرے گی۔حکومت پنجاب ڈیٹا اور کلاؤڈ سینٹر قائم کرنے کے لیے ا راضی اور بلڈنگ فراہم کرے گی، ملاقات میں پاکستان میں پہلا ای کامرس پلیٹ فارم قائم کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔منصوبے کے تحت چینی کمپنی پاکستانی نوجوانوں کو آن لائن ورلڈ وائڈ ٹریڈنگ کے لیے ٹریننگ بھی دے گی، لاہور میں چینی اشتراک کار سے اسمارٹ کنٹرو ل روم، اسمارٹ ٹریفک کنٹرول، اسمارٹ ٹرانسپورٹ، اسمارٹ سینی ٹیشن سینٹر قائم ہوگا۔فیز ٹو میں نوجوانوں کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس ٹیکنالوجی سے متعارف کرانے کے لیے اے آئی انڈسٹری سینٹر بھی قائم ہوگا، چینی حکومت پنجاب میں پلیٹ فارم سروس کیپسٹی بلڈنگ کے لئے بھی معاونت کرے گی۔اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ چین کے تعاون سے پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفشل انٹیلی جنس سینٹر بنانا چاہتے ہیں، پنجاب بہت جلد خطے میں آئی ٹی ہب بنے گا، اپنے بچوں کو آئی ٹی میں میں سب سے برتر دیکھنا چاہتے ہیں۔


