تربت دھماکا کی مذمت، دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے، شہباز شریف
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف نے تربت میں ہوئے بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گرد اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ حکومت اور سیکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرگرم عمل ہیں۔وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ ہم دہشت گردی کو پاکستان سے ختم کرنے کے لئے پُرعزم ہیں۔خیال رہے کہ ہفتے کو بلوچستان میں ضلع تربت کے بازار میں ریموٹ کنٹرول دھماکا ہوا تھا جس میں پانچ افراد جاں بحق اور ایس ایس پی زوہیب محسن بلوچ سمیت چھپن افراد زخمی ہوئے تھے۔پولیس کے مطابق زوہیب محسن بلوچ اپنی فیملی کے ہمراہ گاڑی میں بازار سے گزر رہے تھے کہ زور دار دھماکہ ہوگیا، بیس زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد فارغ کردیا گیا ہے، اکتیس زخمی اسپتال میں زیرعلاج ہیں، جن میں سے آٹھ کی حالت تشویشناک ہے۔وزیراعظم نے شہید افراد کے درجات کی بلندی کی دعا اور لواحقین سے اظہار تعزیت کی۔وزیر اعظم نے زخمیوں کے لیے جلد صحتیابی کی دعا بھی کی


