شہباز شریف کے یواے ای کے صدر سے ملاقات، وزیراعظم نے مشکل وقت میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم شہباز شریف کی متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات ہوئی ہے۔وزیراعظم ہاؤس سے جاری اعلامیے کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے اتوار کو رحیم یار خان میں متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات کی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے اقتصادی، سیاسی اور ثقافتی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے مشترکہ عزم کا اظہار کیا۔’انہوں نے اقتصادی تعاون، علاقائی استحکام، موسمیاتی تبدیلی اور عالمی سطح پر باہمی مفادات کے فروغ سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا۔‘وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان کی ترقی کے سفر میں متحدہ عرب امارات کے اہم کردار کی تعریف کی۔انہوں نے قابل تجدید توانائی، ٹیکنالوجی، بنیادی ڈھانچے کی تعمیر و تجدید، نوجوانوں میں صلاحیتوں اور پیشہ ورانہ تربیت کے فروغ اور تجارت جیسے شعبوں میں تعاون کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم پر زور دیا۔شیخ محمد بن زاید النہیان نے پاکستان کے ساتھ کان کنی، معدنیات اور زراعت کے شعبوں میں تعاون میں متحدہ عرب امارات کی گہری دلچسپی کو اجاگر کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امارات کے صدر نے پاکستان کی معیشت مستحکم کرنے کے لیے وزیراعظم محمد شہباز شریف کی متحرک قیادت کی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اس نئی اقتصادی قوت نے دو طرفہ سرمایہ کاری اور تعاون میں اضافے کے امکانات پیدا کیے ہیں۔متحدہ عرب امارات کے صدر نے پاکستان کے ساتھ اپنی دیرینہ شراکت داری کو بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کے عزم کا اعادہ کیا، عوام سے عوام کے روابط اور مشترکہ خوشحالی کی اہمیت پر زور دیا۔وزیراعظم نواز شریف نے مشکل وقت میں خاص طور پر اقتصادی تعاون کے ضمن میں متحدہ عرب امارات کی غیر متزلزل حمایت پر امارات کے صدر کا شکریہ ادا کیا۔ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن اور ترقی کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے امور پر مل کر کام کرنے پر زور دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں