بلوچستان ہمارے دلوں میں رہتا ہے، بلوچستان کے عوام اور حکومت کو ہر طرح سے سپورٹ کریں گے، مریم اورنگزیب
لاہور+کوئٹہ(این این آئی)بلوچستان سرمایہ کاری بورڈ کے وائس چیئرمین بلال خان کاکڑ نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹریز(ایف پی سی سی آئی) کے چیئرمین پالیسی ایڈوائزری بورڈ میاں زاہد حسین کے ہمراہ پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے ملاقات کی، اس موقع پر بلال کاکڑ نے انہیں اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کواسلام آباد میں 27اور 28جنوری کو FPCCI کے تعاون سے ہونیوالی بلوچستان بزنس سمٹ میں شرکت کی دعوت دی، مریم اورنگزیب نے دعوت قبول کرتے ہوئے حکومت پنجاب کی جانب سے بھرپورتعاون کا یقین دلایا، انہوں نے کہا کہ بلوچستان ہمارے دلوں میں رہتا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت ہے کہ بلوچستان کے عوام اور حکومت کو ہر طرح سے سپورٹ کیا جائے اورہماری حکومت بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کی جانیوالی کاوشوں میں اپنی جانب سے اقدامات کرے گی۔ انہوں نے حکومت پنجاب کی جانب سے بلوچستان میں جھینگے،کیکڑے اور مچھلی کی فارمنگ سمیت بلیو اکانومی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا بھی اظہار کیا۔ بلال خان کاکڑ نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ہمارا بڑا بھائی ہے اور ہم نے مل کر پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے کام کرنا ہے، ہم بلوچستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے بے شمار اقدامات کر رہے ہیں کیونکہ پاکستان کی ترقی کا راستہ بلوچستان سے ہو کر جاتا ہے، یہ صوبہ خطے میں ایک تجارتی گیٹ وے کی حیثیت رکھتا ہے، بلوچستان کی ترقی میں پنجاب کے تعاون اور سپورٹ کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔ اس موقع پر میاں زاہد حسین نے بتایا کہ FPCCI ڈسٹرکٹ اور سیکٹورل ایکانومی پر ریسرچ کر رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے اس پر گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور کہا کہ حکومت پنجاب اس سلسلے میں ایف پی سی سی ائی سے مکمل تعاون کرے گی۔