پاکستان کی اسمارٹ لاک ڈان کی پالیسی انتہائی کامیاب رہی، وزیراعظم
اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں کورونا سمیت ملکی سیاسی اور معاشی صورت حال کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں وزیراعظم اور وفاقی کابینہ کو ملکی معاشی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے معاشی صورت حال میں حالیہ استحکام پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موڈیزکی جانب سے ملکی معیشت کی آؤٹ لک(مستقبل کے منظرنامے)کو مستحکم قرار دینا خوش آئند ہے۔وزیراعظم نے معاشی اشاریوں میں بہتری کے لیے اقدامات جاری رکھنے کی ہدایت کی۔اجلاس میں لینڈ گریبنگ کے واقعات کی روک تھام کے لیے پولیس اقدامات کی رپورٹ کابینہ میں پیش کی گئی اور آئی جی اسلام آباد نے قبضہ مافیا کے خلاف جاری آپریشن پر بھی بریفنگ دی۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے آئی جی اسلام آباد کو قبضہ مافیا کے خلاف آپریشن پر شاباش دیتے ہوئے بھرپور آپریشن جاری رکھنے کی ہدایت کردی۔وفاقی کابینہ نے پائلٹس کے لائسنس کی معطلی میں توسیع کا فیصلہ بھی کیا جب کہ فورتھ شیڈول میں شامل افراد کو چھوٹ دینے سے متعلق معاملہ،موخر کردیا گیا۔کابینہ نے ایکسپورٹ ڈویلپمنٹ فنڈ کے بورڈ آف ایڈمنسٹریٹرز کی تشکیل نو کی منظوری دے دی اور پاک عرب ریفائنری لمیٹڈ کے سی ای او کی تقرری سمیت کابینہ کمیٹی برائے انرجی کے 30 جولائی کے فیصلوں کی توثیق کردی۔


