پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والی ری پولنگ ہر لحاظ سے درست اور شفاف تھی، ریٹرننگ آفیسر

کوئٹہ(یو این اے )الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی صدر نصر اللہ زہرے کی جانب سے بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی 45 کوئٹہ VIII کے ووٹرز کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی سختی سے تردید کی ہے اور اسے بے بنیاد قرار دیاہے۔الیکشن کمیشن کے صوبائی ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ مقامی روزنامہ میں شائع ہونے والی خبر میں جو الزامات لگائے گئے ہیں، ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ترجمان نے مزید وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی بی 45 کے ریٹرننگ آفیسر سید نذیر احمد کی جانب سے اس حوالے سے باقاعدہ وضاحت جاری کی گئی ہے۔ریٹرننگ آفیسر نے اپنی وضاحت میں کہا کہ 5 جنوری 2025 کو پی بی 45 کے 15 پولنگ اسٹیشنوں پر ہونے والی ری پولنگ ہر لحاظ سے درست اور شفاف تھی۔ انہوں نے کہا کہ اس میں کسی بھی قسم کی کوئی کمی نہیں تھی، اور نہ ہی الیکشن کے دوران کسی پولنگ اسٹیشن یا انتخابی فہرست کے حوالے سے شکایات موصول ہوئیں۔ریٹرننگ آفیسر کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں پانچ عمارتوں میں تین تین پولنگ اسٹیشن بنائے گئے تھے، لیکن 5 جنوری 2025 کی ری پولنگ میں الیکشن ٹریبونل کے احکامات کے تحت ان عمارتوں میں صرف دو دو پولنگ اسٹیشنز پر ہی پولنگ ہوئی۔ اسی طرح، چار دیگر عمارتوں میں دو دو پولنگ اسٹیشن تھے، لیکن وہاں بھی صرف ایک ایک پولنگ اسٹیشن پر ری پولنگ کی گئی۔انہوں نے مزید کہا کہ پرائیوٹ افراد کو پولنگ اسٹاف مقرر کرنے کے حوالے سے جو الزامات عائد کیے گئے ہیں، وہ بھی مکمل طور پر بے بنیاد ہیں۔الیکشن کمیشن نے اس وضاحت کے ذریعے تمام بے بنیاد الزامات کی سختی سے تردید کی اور اس بات کا اعادہ کیا کہ انتخابی عمل شفاف اور قوانین کے مطابق تھا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں