کوئٹہ میں پرانی لوکل بسوں کی تبدیلی کے حوالے سے اجلاس ،مختلف تجاویز پر غور
کوئٹہ (آن لائن) بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر صوبائی سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان حیات کاکڑ کی زیر صدرات کوئٹہ شہر میں پرانی لوکل بسوں کی تبدیلی کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان عبدالمجید جونیجو، سیکرٹری آرٹی اے کوئٹہ ڈویژن علی درانی، ایس پی ٹریفک میڈم شبانہ حبیب، ایس پی ٹریفک سریاب علی نواز بگٹی، ایس پی ٹریفک صدر سید عاصم شاہ، صدر لوکل بس کوئٹہ ایسوسی ایشن حاجی اسحاق بازئی، جنرل سیکرٹری شیراحمد بلوچ، چیئرمین بابو شفیق لہڑی، نائب صدر اختر جان کاکڑ، نائب صدر لالا حنیف شاہوانی کے علاوہ نمائندہ لوکل بس فتح آغا، حاجی افضل شاہوانی، اقبال جتک اور ٹکری سعید احمد سمالانی اور دیگر بس مالکان نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ بلوچستان نے لوکل بس ایسوسی ایشن اور مالکان کو ہائی کورٹ کے حکم کے حوالے سے آگاہ کیا اور تعمیل کے بارے میں قابل عمل تجاویز پر غور وحوض ہوا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹرز نے اپنے تحفظات اور ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کے حوالے سے مختلف تجاویز اور اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں ٹرانسپورٹروں کو نئی بسیں لانے اور حکم کی تکمیل کے لئے پرانی بسوں کو تبدیلی کرکے نئی بسیں چلانے کی ہدایت کی گئی۔ اجلاس میں کہا گیا کہ انتظامیہ ہائی کورٹ کے حکم کے مطابق لوکل بسوں کے لئے تبدیلی کے فیصلے پر عمل درآمد کرانے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے گی اس سلسلے میں تمام اسٹک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر قابل فہم پالیسی مرتب کرانے اور ہائی کورٹ کے حکم کی تعمیل کرے گی۔اجلاس میں لوکل بسوں کی تبدیلی کے حوالے مختلف تجاویز پر غور کیاگیا۔