مدثر سمالانی کا واقعہ سانحے سے کم نہیں، بھتہ لینے کیلئے شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنا کہاں کا قانون ہے، بی این پی

کوئٹہ (این این آئی ) بلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی بیان میں نوشکی میں شہید مدثر سمالانی کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ پر رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ نوشکی میں مدثر سمالانی کا واقعہ سانحہ سے کم نہیں بھتہ لینے کیلئے قومی شاہراہوں پر رکاوٹیں کھڑی کرنا کہاں کا قانون ہے قومی شاہراہوں پر تعیناتیاں کروا کر کرپشن کا بازار گرم کرنا بلکہ یہ کہنا بے جا نہ ہوگا کہ قومی شاہراہوں پر افسران کی تعیناتیاں منافع بخش کاروبار کی شکل اختیار کر چکی ہے لوگوں کو روکنے کیلئے غیر قانونی حربے استعمال کئے جا رہے ہیں اگر اس میں کسی ڈرائیور یا مسافر کی جان بھی جائے تو ان کو اس کی نہیں اپنی کمیشن کی فکر رہتی ہے بیان میں کہا گیا کہ بلوچستان نیشنل پارٹی قومی جمہوری پارٹی ہونے کے ناطے مشکل گھڑی میں شہید مدثر سمالانی کے خاندان کے ساتھ کھڑی ہے راہشون سردار عطاء اللہ مینگل ، پارٹی قائد سردار اختر جان مینگل اور پارٹی قیادت نے ہمیشہ لاپتہ افراد کی بازیابی ، بلوچ قومی مفادات ، ساحل وسائل کے دفاع کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا پارٹی بیان میں مزید کہا گیا کہ اگر انتظامیہ نے طفل تسلیوں سے کام لیتے ہوئے شہید مدثر سمالانی کے خاندان کو انصاف کے حصول میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی کوشش کی تو بی این پی نوشکی کے غیور عوام کے ساتھ مل کر لائحہ عمل طے کریگی اور جس کی تمام تر ذمہ داری متعلقہ حکام پر عائد ہو گی –