خلیجی ممالک سے دو دن میں نکالے گئے پاکستانیوں کی تعداد 100 سے تجاوز کرگئی
کراچی(آئی این پی )خلیجی ممالک سے گزشتہ 36 گھنٹوں کے دوران بے دخل کیے گئے پاکستانیوں کی تعداد 100 سے زائد ہوگئی۔ ڈی پورٹ ہوئے پاکستانی شہری کراچی ائیرپورٹ سمیت دیگر ہوائی اڈوں پر پہنچے، ڈی پورٹ مسافروں میں ایک شیر خوار بچہ بھی شامل تھا، بچہ والدین کی روپوشی کے دوران خلیجی ملک میں پیدا ہوا۔ایک پاکستان کا پاسپورٹ گم ہوچکا تھا جبکہ دو مسافر وہ تھے جن کے بیرون ملک سفر پر پابندی عائد تھی۔ بے دخل پاکستانیوں میں سے بیشتر افراد ایمرجنسی پیپرز پر وطن واپس پہنچے،سعودی عرب سے بے دخل 33 پاکستانیوں کو کراچی بھیجا گیا، ایمرجنسی پاسپورٹ پر 14 پاکستانی عراق سے کراچی پہنچے، دبئی، عمان، زمیبیا، قطر اور یو کے سے ایک ایک پاکستانی کو بے دخل کیا گیا۔گزشتہ رات کراچی ائیرپورٹ پر 30 مزید پاکستانیوں کو بیرون ملک پروازوں سے آف لوڈ کیا گیا جن میں تنزانیہ، بنگلہ دیش،چین، ملائیشیا، عمان، سعودی عرب، یوگنڈا جانے والے مسافر شامل تھے۔ذرائع کے مطابق مسافروں کو ایڈوانس ہوٹل بکنگ، اخراجات کی رقم نہ ہونے اور دیگر وجوہات کی بنا پر آف لوڈ کیا گیا۔