توشہ خانہ ٹو کیس میں بشریٰ بی بی کی عدم حاضری پر عدالت کا اظہار برہمی

راولپنڈی (این این آئی)راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران مزید ایک گواہ پر جرح مکمل کرلی گئی، عدالت کا سابق خاتون اول اور ان کے وکلا کی عدم حاضری پر برہمی کا اظہار کیا۔جمعہ کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت سپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے کی۔سماعت کے دوران مزید ایک گواہ پر جرح مکمل کی گئی، کیبنٹ ڈویژن کے ڈپٹی ڈائریکٹر کوآرڈینیشن محمد احد پر جرح عمران خان کے وکیل قوسین فیصل مفتی نے کی۔عدالت میں استغاثہ کے گواہ طلعت کا بیان بھی ریکارڈ کیا گیا، دوران سماعت ملزمہ بشریٰ بی بی اور ان کے وکلا کے پیش نہ ہونے پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔عدالت نے بشریٰ بی بی کے وکلا کی جانب سے آئندہ سماعت پرگواہ پر جرح مکمل نہ کرنے پر تادیبی کارروائی کی ہدایت کی اور مجموعی طور پر مزید 5 گواہ طلب کر لیے۔عدالت نے محمد شفقت، قیصر، عمر صدیق، محسن اور فہیم کو بیان ریکارڈ کرانے کے لیے طلب کیا۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت منگل 14 جنوری تک ملتوی کر دی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں