قلات لیویز چوکی حملے کی مذمت، لیویز فورس کے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، سرفراز بگٹی

کوئٹہ(مانیٹر نگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے قلات میں لیویز چوکی پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہید لیویز اہلکار علی نواز کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہید علی نواز نے فرائض کی ادائیگی میں جان نچھاور کر کے بہادری کی مثال قائم کی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے شہید اہلکار کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہونے کا اظہار کیا اور زخمی لیویز اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے دہشتگردوں کے خلاف لیویز فورس کی جرات مندانہ کارروائی اور فوری ردعمل کو سراہا اور کہا کہ لیویز فورس کے جوانوں کی بہادری اور قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کے تحفظ کے لیے سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔
Load/Hide Comments