ڈیرہ بگٹی ، مسافر گاڑی حادثے کا شکار، کنڈیکٹر جاں بحق، 9افراد زخمی

ڈیرہ بگٹی(یو این اے ) (یو این اے) پیرکوہ سے ڈیرہ بگٹی جانے والی مسافر گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں کنڈیکٹر جاں بحق جبکہ ڈرائیور سمیت 9 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 3 افراد کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔لیویز حکام کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب گاڑی ایک موڑ کاٹتے ہوئے الٹ گئی۔ حادثے میں کنڈیکٹر مہردین نوسانی بگٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا، جبکہ ڈرائیور علی گل بگٹی سمیت 9 مسافر زخمی ہو گئے، جن میں ایک 10 سالہ بچی بھی شامل ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی لیویز اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچے اور ڈپٹی کمشنر ڈیرہ بگٹی زوہیب احمد کی ہدایت پر زخمیوں کو سول اسپتال ڈیرہ بگٹی منتقل کر دیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال میں ڈاکٹر ہیبت خان بگٹی اور طبی عملے نے زخمیوں کو فوری طبی امداد فراہم کی۔ معمولی زخمیوں کو طبی امداد کے بعد ڈسچارج کر دیا گیا، جبکہ شدید زخمیوں کو پی پی ایل ویلفیئر اسپتال سوئی اور شیخ زید اسپتال رحیم یار خان ریفر کر دیا گیا۔علاقہ مکینوں نے متعلقہ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثات کی روک تھام کے لیے مسافر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو محتاط ڈرائیونگ کی سختی سے ہدایت دی جائے تاکہ قیمتی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔