کراچی میں بلو چ بہنوں کو خودکش بنا کر بھیجا جارہا ہے، مہمانوں کو نقصان پہنچا یا جارہا ہے، بلاول

ویب ڈیسک : چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔بلا ول بھٹو کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں غریب مظلوم مزدوروں کو شہید کیا جا تا ہے کراچی میں بلو چ بہنوں کو خودکش بنا کر بھیجا جارہا ہے ، مہمانوں کو نقصان پہنچا یا جارہا ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ دہشتگردی کے خلاف آواز اٹھائی ہے، شہید بے نظیر بھٹو دہشتگردی کے خلاف سب سے بڑی آواز تھیں، کیا ہم بھول چکے ہیں کہ ہم نے سب سے بڑی قربانی دی ہے، کیا ہم اس بات سے انکار کرسکتے ہیں کہ بین الاقوامی سازشوں اور ہمارے اپنے ملک کی غلطیوں کی وجہ سے دہشتگردی کی دوسری لہر بلوچستان سے لے کر خیبرپختونخوا تک عروج پر ہے۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ احساس محرومی دور کرنا، پسماندگی کو دور کرنا، صوبائی خودمختاری پر صحیح معنوں میں عملدرآمد کرنا، جمہوریت کو مضبوط کرکے ہی ہم یہ نظریاتی جنگ جیت سکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے فوری طور پر ان درندوں کا مقابلہ کرنا ہے، جو پاکستانی عوام کے ساتھ خون کی ہولی کھیل رہے ہیں، اپنی سیاسی منزل حاصل کرنے کے لیے بین الاقوامی سازش کو کامیاب کرنے کے لیے پاکستان کے عوام کو شہید کیا جارہا ہے، کبھی خیبرپختونخوا میں رمضان کے مہینے میں کسی مسجد میں خودکش دھماکے سے لوگوں کو شہید کیا جاتا ہے، کبھی بلوچستان میں گولی چلا کر مزدور کو شہید کیا جاتا ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ اصل میں دہشتگرد کا کوئی مذہب ہوتا ہے اور نہ کوئی قوم، یہ کھلونے ہوتے ہیں، یہ پیشہ ور قاتل ہوتے ہیں، یہ اپنی قوم، اپنے مذہب کو عالمی طاقتوں کو بیچتے ہیں، پھر ان کے کہنے پر وہ اپنے ہی مذہب کے لوگوں کو شہید کردیتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے پہلے بھی دہشتگردوں کو مقابلہ کرکے شکست دی ہے، آج بھی میں اور آپ مل کر ان کو شکست دلوائیں گے، ہم ان کو سیاسی طور پر، بین الاقوامی سطح پر انکا مقابلہ کریں گے، یہ اب پاکستان کے جنگ چھیڑ چکے ہیں، اس ایک ایجنڈے پر کہ ہم نے اپنے عوام کا تحفظ دلوانا ہے، بے گناہوں کے قتل کا جواب دینا ہے۔ذوالفقار علی بھٹو کی 46ویں برسی پر گڑھی خدا بخش میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ میں آپ کا شکر گزار ہوں کہ ہر سال کی طرح ہم گڑھی خدا بخش میں جمع ہو کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کو خراج عقیدت پیش کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی اور کارکنان نے یہ علم بلند رکھا ہے، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کے علم بردار ہیں اور میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کارکنوں کو سلام پیش کرتا ہوں، جنہوں نے 46 سال کے لیے یہ جدوجہد جاری رکھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ صدرآصف زرداری نے ایک اور وعدہ گڑھی خدابخش کے ساتھ نبھایا ہے،صدر زرداری نے اس سے پہلے صدارتی ریفرنس کے ذریعے شہید ذوالفقار علی بھٹو کو انصاف دلوایا۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ صدر زرداری نے اپنی کامیابیوں سے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کا وہ فیصلہ کہ پیپلزپارٹی کی قیادت صدر زرداری کو دی، اور وہ انہوں نے وہ ذمہ داری ادا کی۔ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری بی آئی ایس پی کے ذریعے غربت کے خاتمے کا وعدہ پوراکررہے ہیں۔بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایک انقلابی فیصلہ کیا، وہ روایت چھوڑ کو اپنی بیٹی کو سیاسی جانشین بنایا، آج ہم فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ کل بھی بھٹو زندہ تھا اور آج بھی بھٹو زندہ ہے۔انہوں نے کہا کہ شہید بے نظیر بھٹو کا پاکستان پیپلزپارٹی کی تاریخ میں وہ کردار رہا ہے کہ جو اسلام کی تاریخ میں بی بی زینب کا کردار تھا، بے نظیر بھٹو نے اپنے والد کا نام اور ان کا مشن جاری رکھا، مزید کہنا تھا کہ وہ بھٹو، بھٹو کرکے سب کو بھٹو بنا گئیں۔ان کا کہنا تھا کہ ہم یہاں پر اپنی سیاسی منزل طے کرتے ہیں، ہم شہید ذوالفقار علی بھٹو کی جہدوجہد اور کامیابیوں پر فخر کرتے ہیں، انہوں نے آئین، ایٹم بم کا تحفہ دیا، جمہوریت دی، مزدور کے حقوق دیے، کسانوں کے حقوق دیے، عوام کو ترقی لوائی۔