بیت المقدس کے قریب جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، اسرائیل میں ہنگامی حالت نافذ، دنیا سے امداد طلب

کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل میں بیت المقدس کے قریب جنگلات میں خوفناک آگ بھڑک اٹھی، جسے دہائی کی سب سے بڑی آگ قرار دیا جارہا ہے، آتشزدگی کے نتیجے میں کم ازکم 23 افراد زخمی ہوگئے جبکہ بیت المقدس اور تل ابیب کے درمیان شاہراہ کو بند کردیا گیا ہے، اسرائیلی حکومت نے ملک میں ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے آگ پر قابو پانے کے لیے عالمی برادری سے مدد مانگ لی۔ فرانسیسی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بیت المقدس کے قریب جنگلات میں لگنے والی آگ کے باعث اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے قومی ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ آگ بیت المقدس تک پہنچ سکتی ہے۔ ترک نشریاتی ادارے ’انادولو‘ کی رپورٹ کے مطابق تل ابیب نے بدھ کو شدید گرمی کی وجہ سے لگنے والی آگ پر قابو پانے کے لیے بین الاقوامی امداد کی درخواست کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسرائیلی حکام نے وسطی اسرائیل کے کئی قصبوں کو خالی کرا لیا ہے اور ایک اہم شاہراہ کو بند کر دیا ہے۔ اسرائیل کے ’چینل 12‘ کے مطابق یہ آگ اب 2010 میں کارمل جنگل میں لگنے والی تباہ کن آگ کے پیمانے سے تجاوز کر گئی ہے، اور سرکاری نشریاتی ادارے ’کے اے این‘ کی رپورٹ کے مطابق کم از کم 20 افراد زخمی ہوئے ہیں، جن میں سے زیادہ تر دھوئیں سے سانس لینے کی وجہ سے متاثر ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں