پاکستان بھارت کشیدگی پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے، جماعت اسلامی
لاہور (انتخاب نیوز) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ بریفنگ سے کام نہیں چلے گا، پاکستان بھارت کشیدگی پر آل پارٹیز کانفرنس بلائی جائے۔ لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پانی روکنا آبی جارحیت ہے، نیتن یاہو کی طرح نریندر مودی کو بھی امریکا کی پشت پناہی حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ غزہ میں اسرائیل گھیراﺅکرکے جبری قحط سالی کر رہا ہے، ایک طرف بمباری تو دوسری طرف بھوک ہے، کوئی بھی آواز اٹھانے کو تیار نہیں ہے، امریکا مسلسل اسرائیل کی سپورٹ کر رہا ہے، انسانی نسل کشی ہو رہی ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اسرائیل نے اپنی کابینہ سے منظوری لی کہ غزہ کو مکمل صاف کردیا جائے گا، عالمی عدالت نے اسرائیل کے خلاف فیصلہ دے دیا ہے لیکن کوئی کچھ نہیں کر رہا، جس اذیت میں فلسطینوں کو مبتلا کیا ہوا ہے یہ سپورٹ مجرمانہ فعل ہے۔


