میونسپل کمیٹی گوادر کی چیئرمین نشست پر ضمنی انتخاب کے انعقاد کا اعلان
گوادر (بیورو رپورٹ) الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہدایت کے مطابق میونسپل کمیٹی گوادر کی چیئرمین نشست پر ضمنی انتخاب کے انعقاد کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسرکی جانب سے اس ضمن میں عوامی نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق، بلوچستان لوکل گورنمنٹ (الیکشن) رولز 2013 کے قاعدہ 50 کی شق (1) کے تحت یہ انتخاب عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ مذکورہ چیئرمین کی خالی نشست کو جمہوری انداز میں پر کیا جاسکے۔ انتخابی عمل جس میں نامزدگی، دستبرداری اور پولنگ شامل ہیں، مورخہ 14 مئی 2025 کو اسسٹنٹ کمشنر آفس گوادر میں صبح 9 بجے سے دوپہر 12 بجے تک مکمل کیا جائے گا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گوادر میر جواد احمد زہری نے کہا ہے کہ ضلع گوادر میں شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کے لیے تمام بنیادی اقدامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی عمل کو صاف، پرامن اور غیر جانبدار ماحول میں مکمل کرنے کے لیے تمام انتظامات کیے جا چکے ہیں، اور متعلقہ اداروں کو بھی اپنی ذمہ داریاں خوش اسلوبی سے نبھانے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام حکومت بلوچستان کے اس عزم کا مظہر ہے کہ عوامی نمائندوں کے انتخاب کے ذریعے بلدیاتی اداروں کو مزید مضبوط اور فعال بنایا جائے تاکہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی ہو سکے۔


