وسطی ایشیائی ممالک کیساتھ تجارتی روابط، وزیراعظم نے ریلوے نیٹ ورک کو وسعت دینے کی منظوری

اسلام آباد(انتخاب نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے وسطی ایشیائی ممالک کے ساتھ تجارتی روابط کو فروغ دینے کے لیے ملک کے ریلوے نیٹ ورک کو وسعت دینے کی منظوری دیتے ہوئے اس ضمن میں کوششوں پر تیز کرنے پر زور دیا ہے۔ بدھ کے روز ریلوے سے متعلق اجلاس کے دوران وزیراعظم نے پاکستان ریلوے کو ہدایت کی کہ گوادر کو ریلوے نیٹ ورک سے منسلک کرنے کی کوششوں کو تیز کیا جائے۔ قبل ازیں، وزیر ریلوے حنیف عباسی نے ریلوے میں جاری اصلاحات پر وزیراعظم کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ریلوے کے شعبے میں مزید سرمایہ کاری کی بہت زیادہ گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے بڑے ریلوے اسٹیشنوں پر جدید انفارمیشن ڈیسک کے قیام، لاہور، راولپنڈی اور ملتان اسٹیشنوں پر صفائی کے نظام کی آﺅٹ سورسنگ، ٹرینوں اور اسٹیشنوں پر خوراک کے معیار کی نگرانی کے لیے صوبائی فوڈ اتھارٹیز کے ساتھ تعاون اور طویل عرصے سے معطل سروسز کی بحالی جیسے اقدامات کا ذکر کیا۔