بجٹ میں عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیح دی جائے گی، وزیراعلیٰ بلوچستان
کوئٹہ (آن لائن) وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تشکیل سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کا مشاورتی اجلاس منگل کو یہاں چیف منسٹر سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں حکومت کی اتحادی جماعتوں کے پارلیمانی لیڈرز اور اراکین نے شرکت کی۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اجتماعی نوعیت کی اسکیمیں رکھی جائیں گی تاکہ عوامی فلاح و بہبود کو ترجیح دی جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ دستیاب وسائل کو مفاد عامہ کے منصوبوں کے لیے بروئے کار لایا جائے گا تاکہ صوبے میں ترقی کے نئے راستے کھل سکیں۔ انہوں نے اس بات کا عزم ظاہر کیا کہ مجوزہ منصوبوں کی سو فیصد ایلوکیشن کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ مالی وسائل کا درست استعمال کیا جاسکے اور عوام کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کیا جاسکے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بجٹ کے ذریعے نہ صرف بنیادی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا بلکہ حکومت کی ترجیحات کے مطابق ترقیاتی منصوبوں پر بھرپور توجہ دی جائے گی۔ اجلاس میں موجود اراکین نے وزیراعلیٰ کی قیادت میں آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تشکیل پر اتفاق کرتے ہوئے تجاویز پیش کیں تاکہ عوام کی بہتر خدمت کی جاسکے۔ اجلاس میں نوابزادہ میر طارق خان مگسی، میر شعیب نوشیروانی، میر ظہور احمد بلیدی، میر سلیم احمد کھوسہ، میر صادق عمرانی، بخت محمد کاکڑ، انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر عبدالمجید بادینی، حاجی علی مدد جتک نے شرکت کی۔


