ایران کا جوابی حملہ، اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے
ایران نے جوابی کارروائی ’وعده صادق 3‘ کا آغاز کرتے ہوئے اسرائیل کے مختلف مقامات پر میزائل حملے کر دیے، جس کے بعد تل ابیب میں دھماکوں کے بعد دھوئیں کے بادل اٹھنے لگے جبکہ 7 افراد معمولی زخمی ہوئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق اسرائیلی فوج نے کہا کہ ایران سے اسرائیل کی طرف داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی ہے اور تمام شہریوں کو پناہ گاہوں کی طرف جانے کا حکم دیا ہے۔
یروشلم میں سائرن بج رہے ہیں کیونکہ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ میزائل ایران سے داغے گئے ہیں۔
خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے حوالے سے رپورٹ کیا کہ اسرائیل کے ایران پر اب تک کے سب سے بڑے حملوں کے بدلے میں سیکڑوں بیلسٹک میزائل داغے گئے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی رپورٹ کے مطابق اسرائیلی دفاعی افواج کے ترجمان نے بتایا کہ ایران کی جانب سے اسرائیل کی طرف میزائلوں کی دوسری لہر داغی گئی ہے۔


