ایرانی میزائل حملوں میں 10 شہری ہلاک، 200 سے زائد زخمی ہوئے،اسرائیلی میڈیا
تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیلی میڈیا کے مطابق بیت یام کی عمارت سے مزید2 لاشیں نکال لی گئیں،ہلاکتوں کی تعداد 6 ہوگئی۔ بات یام میں رہائشی عمارت منہدم ہونے سے 35 افراد لاپتا ہیں۔ شمالی شہر تمرہ پر میزائل حملے میں ہلاکتوں کی تعداد 4 ہوگئی۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز نے گزشتہ رات گئے ایک بار پھر تہران پر فضائی حملے کیے اور ایران کے جوہری پروگرام سے منسلک عمارتوں کو نشانہ بنایا جن میں وزارتِ دفاع بھی شامل ہے۔ خبر رساں ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر جوابی میزائل اور ڈرون حملے کیے ہیں، سرکاری ٹی وی کے مطابق 100 سے زائد میزائل تل ابیب اور حیفا پر داغے گئے۔ ایران کے مطابق اسرائیلی حملوں میں شہران کا آئل ڈپو اور تہران کے فیول ٹینک نشانہ بنے، تاہم وزارتِ تیل کا کہنا ہے کہ صورتحال قابو میں ہے۔ بی بی سی نے ایک ویڈیو کی تصدیق کی ہے جس میں ایرانی حملوں کے بعد حیفا کی آئل ریفائنری میں آگ دیکھی جا سکتی ہے۔ ایران کے جوابی حملوں میں اسرائیل میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور 100 سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔ ایران کے اقوام متحدہ میں سفیر کے مطابق اسرائیلی حملوں میں 78 افراد ہلاک اور 320 سے زائد زخمی ہوئے جن میں زیادہ تر عام شہری ہیں۔ آذربائیجان صوبے میں 31 ہلاکتیں ہوئیں، جن میں 30 فوجی اور ریڈ کراس کا ایک رکن شامل ہے۔


