اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈ کوارٹر پر ایران کے میزائل حملے، متعدد افراد زخمی

تہران (مانیٹرنگ ڈیسک) ایران نے اسرائیل پر تازہ میزائل حملوں میں صہیونی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور انٹیلی جنس کیمپ کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے، اسرائیلی حکام نے تازہ حملوں میں کم ازکم 126 افراد کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی جبکہ اسرائیلی وزیراعظم نے ایران پر سوروکا ہسپتال کو نشانہ بنانے کا الزام عائد کیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’رائٹرز‘ نے ایرانی خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کی صبح کیے گئے ایرانی حملے کے مرکزی اہداف اسرائیلی فوج کا کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹرز اور سوروکا ہسپتال کے قریب واقع اسرائیلی فوج کا انٹیلی جنس کیمپ تھے۔ روسی خبر رساں ادارے ’آر ٹی‘ نے ایران کے تازہ حملوں کے بعد اپنے ’ایکس‘ ہینڈل پر متعدد پوسٹس شیئر کی ہیں جن میں سوروکا ہسپتال اور تل ابیب اسٹاک ایکسچینج اور دیگر عمارتوں کو پہنچنے والے نقصانات کو دیکھا جاسکتا ہے۔ ایرانی حملے کے بعد تل ابیب اسٹاک ایکسچینج سمیت دیگر عمارتوں کو خالی کرا لیا گیا۔ تہران ٹائمز کے مطابق ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کے کمانڈ اینڈ انٹیلی جنس ہیڈکوارٹر کے علاوہ بییر شیبع میں واقع گیو یام ٹیکنالوجی پارک میں ایک فوجی انٹیلی جنس تنصیب میزائلوں کا ہدف تھی۔ ایرانی حکام نے کہا ہے یہ علاقہ جنوبی اسرائیل کے بڑے طبی مراکز میں سے ایک، سوروکا میڈیکل سینٹر کے قریب واقع ہے، ذرائع نے تسلیم کیا ہے کہ دھماکے کی لہر سے ہسپتال کو معمولی نقصان پہنچا، لیکن یہ واضح کیا کہ فوجی تنصیبات ہی اصل اور درست ہدف تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں