امریکی طیاروں کا ایرانی جوہری تنصیبات پر بڑا حملہ، ایران کے اسرائیل پر جوابی میزائل حملے ،متعدد افراد زخمی
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا ایران اسرائیل جنگ میں شامل ہوگیا، تہران کی تینوں جوہری تنصیبات پر حملے کردیے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر اپنی پوسٹ میں اعلان کیا کہ امریکا نے ایران میں فردو، نطنز اور اصفہان جوہری تنصیبات پر انتہائی کامیاب حملہ مکمل کر لیا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کو اب امن قائم کرنا ہوگا ورنہ اب اس سے زیادہ بڑے حملے کریں گے۔ فردو جوہری پلانٹ ختم کردیا، تمام امریکی طیارے ایران کی حدود سے باہر آگئے ہیں، دنیا کی کوئی اور فوج یہ کارنامہ انجام نہیں دے سکتی تھی، اب امن کا وقت آگیا۔ امریکی صدر نے لکھا کہ فردو نیوکلیئر سائٹ ہمارا مرکزی ہدف تھا اور اس پر مکمل بمباری کی گئی ہے اور یہ پلانٹ ختم کردیا ہے۔ ایک اور پوسٹ میں امریکی صدر نے کہا کہ وہ رات 10 بجے وائٹ ہاو¿س میں قوم سے خطاب کریں گے، جس میں وہ ایران میں امریکی فوج کی کامیاب کارروائی پر بات کریں گے۔ علاوہ ازیں برطانوی خبر رساں اداے رائٹرز کے مطابق ایران نے امریکی حملوں کے بعد ایران نے اسرائیل کو میزائلوں سے نشانہ بنایا ہے مقبوضہ بیت المقدس اور تل ابیب کے اوپر دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔ ایران نے جوہری تنصیبات پر امریکی حملوں کے بعد اسرائیل پر جوابی میزائل حملہ کردیا جن میں کئی افراد زخمی ہوئے ہیں۔ امریکی حملے کے بعد آج صبح ہی ایران نے اسرائیل پر بڑے میزائل حملے کردیے ہیں، ایرانی میزائل حملوں سے مقبوضہ علاقوں میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، اسرائیل کے بن گوریان ایئرپورٹ، تحقیقاتی مراکز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرز پر بھی حملے کیے گئے۔ تل ابیب، حیفا اور مقبوضہ بیت المقدس میں متعدد دھماکے سنے گئے ہیں جبکہ حملوں میں 23 اسرائیلی زخمی ہوگئے، دوسری جانب اسرائیلی فوج نے 2 ایرانی ڈرون مار گرانے کا بھی دعویٰ کیا ہے۔


