امریکا نے پاکستانیوں کیلئے ویزہ شرائط مزید سخت کر دیں، سوشل میڈیا اکاﺅنٹ پبلک کرنے کی ہدایت
اسلام آباد (آئی این پی) امریکی حکومت نے پاکستانی شہریوں کےلئے اسٹوڈنٹ اور تبادلہ پروگرام کیٹیگریز کی درخواست دینے والوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کو پبلک کریں تاکہ امریکی حکام ان کی شناخت اور سیکورٹی ویٹنگ کرسکیں۔ یہ ہدایات امریکی قونصل خانوں کراچی اور لاہور کی جانب سے انسٹاگرام پر جاری کی گئیں، جو اس ہفتے دہلی میں امریکی سفارتخانے کی جانب سے جاری کی گئی ہدایات کی توسیع ہیں۔ بیان کے مطابق، تمام افراد جو F، M یا J کیٹیگری کے غیر امیگریشن ویزہ کے لیے درخواست دے رہے ہیں، وہ اپنے تمام سوشل میڈیا اکاﺅنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو پبلک پر سیٹ کریں تاکہ ان کی شناخت اور امریکہ میں داخلے کے اہل ہونے کی تصدیق کی جاسکے۔ واضح رہے کہ 2019 سے امریکہ تمام ویزہ درخواست دہندگان سے سوشل میڈیا کی معلومات (اکاﺅنٹ ہینڈلز) طلب کرتا رہا ہے، لیکن اب یہ شرط سختی سے لاگو کی جارہی ہے۔ حکام کے مطابق، سوشل میڈیا معلومات نہ دینا یا جھوٹی معلومات فراہم کرنا ویزہ انکار اور مستقبل میں نااہلی کا سبب بن سکتا ہے۔ F اور M ویزے امریکی تعلیمی اداروں میں داخلے کے لیے جاری کیے جاتے ہیں، جبکہ J ویزہ تبادلہ پروگرامز میں شامل افراد کے لیے مخصوص ہے۔ یہ اقدام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویزہ سسٹم کی بحالی اور سیکورٹی چیکنگ کو سخت بنانے کی پالیسی کے تحت سامنے آیا ہے۔


