خضدار میں مسافروں کو لوٹنے والا ڈاکو لیویز کی فائرنگ سے ہلاک، دوسرا زخمی، تیسرا فرار ہوگیا

خضدار (یو این اے) ضلع خضدار کے علاقے اورناچ میں این-25 قومی شاہراہ پر ڈاکو ناکہ لگا کر گاڑیوں کو لوٹنے میں مصروف تھے کہ ضلعی انتظامیہ کو اطلاع ملتے ہی لیویز فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ڈکیتی کی کوشش ناکام بنا دی۔ڈپٹی کمشنر خضدار یاسر اقبال دشتی کے مطابق لیویز فورس اور ڈاکوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا، جبکہ ان کا تیسرا ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، جس کی تلاش جاری ہے۔ڈی سی خضدار نے بتایا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے اور لیویز فورس نے جس پیشہ ورانہ اور دلیرانہ انداز میں کارروائی کی، وہ لائق تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ اطلاع ملتے ہی فوری کوئک ریسپانس دیا گیا جس سے بڑی واردات کو بروقت روکا جا سکا۔ضلعی انتظامیہ نے لیویز فورس کی کامیاب کارروائی پر اطمینان اور خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر کے خلاف سخت ایکشن جاری رکھا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں