بلوچستان بھر میں تھری جی اور فورجی انٹرنیٹ 31 اگست تک بند رکھنے کی تجویز
کوئٹہ(یو این اے )حکومت بلوچستان کے محکمہ داخلہ نے وفاقی وزارت داخلہ کو باضابطہ خط ارسال کرتے ہوئے صوبے بھر میں انٹرنیٹ کی تھری جی اور فورجی خدمات فوری طور پر بند رکھنے کی سفارش کی ہے، جو کہ 31اگست 2025 تک جاری رہنے کا امکان ہے۔محکمہ داخلہ بلوچستان کی جانب سے 6 اگست کو جاری کردہ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں امن و امان کی غیر معمولی صورتحال کے پیش نظر ان خدمات کو بند رکھنا ناگزیر ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔یہ مراسلہ وفاقی سیکرٹری داخلہ، پاکستان ٹیلی مواصلاتی ادارے، پولیس کے اعلی حکام، صوبائی چیف سیکرٹری، تمام ڈویژنوں کے کمشنروں اور اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں سمیت دیگر متعلقہ افسران کو بھی ارسال کیا گیا ہے تاکہ فوری اقدامات کیے جا سکیں۔محکمہ داخلہ نے واضح کیا ہے کہ یہ فیصلہ صوبے میں موجود سنگین سیکیورٹی صورتحال کے پیش نظر کیا گیا ہے، اور اس کا مقصد شہریوں کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔دوسری جانب شہریوں، طلبہ، کاروباری افراد اور صحافیوں نے انٹرنیٹ کی بندش پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ بغیر کسی متبادل انتظام یا واضح وقت دیے ان خدمات کی بندش عوام کو شدید مشکلات میں مبتلا کر رہی ہے۔


