جنوبی وزیرستان میں جے یو آئی رہنما قتل، باجوڑ آپریشن، 27 علاقوں میں کرفیو نافذ
پشاور (انتخاب نیوز) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان لوئر کی تحصیل برمل کے علاقے اعظم ورسک میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے رہنما مولانا ثنا اللہ جاں بحق ہوگئے۔ تحصیل برمل میں مولانا ثنا اللہ اعظم جو اسکول میں استاد تھے ورسک بازار کی جانب جا رہے تھے، راستے میں نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کی، مسلح ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔ ملزمان کی جانب سے فائر کی گئی گولیاں لگنے سے مولانا ثنا اللہ دم توڑ گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی قانون نافذ کرنے والے ادارے موقع پر پہنچ گئے اور لاش کو ہسپتال منتقل کر دیا۔ علاوہ ازیں خیبر پختونخوا کے علاقے باجوڑ میں آج دن 11 بجے سے رات 11 بجے تک کرفیو نافذ کیا گیا ہے، باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے 27 علاقوں میں آج سے 3 دن کے لیے مکمل کرفیو کا اعلان کیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ باجوڑ کی تمام مرکزی شاہراہوں پر صبح 11 بجے سے لے کر رات 11 بجے تک کرفیو نافذ کردیا گیا ہے، ٹارگٹڈ آپریشن کے پیش نظر باجوڑ کی تحصیل لوئی ماموند کے تقریباً 27 علاقوں میں آج سے 3 دن کے لیے مکمل کرفیو نافذ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ تحصیل لوئی ماموند سے کثیر تعداد میں لوگوں کی نقل مکانی جاری ہے، ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے لیے 107 سرکاری اسکول اور کالجز خالی کروا دیے ہیں۔


