انسداد دہشت گردی ایکٹ ایک بدترین بلیک لا، جو دراصل رولٹ ایکٹ کا دوسرا نام ہے، حافظ حمدا للہ
کوئٹہ ( آئی این پی ) جمعیت علما اسلام کے مرکزی رہنما حافظ حمد اللہ نے کہا ہے کہ دونوں ایوانوں سے انسداد دہشت گردی ایکٹ کی منظوری آئین اور جمہوریت کے چہرے پر زوردار طمانچہ ہے۔ یہ ایک بدترین بلیک لا ہے جو دراصل رولٹ ایکٹ کا دوسرا نام ہے۔اپنے جاری کردہ بیان میں مولانا حافظ حمداللہ نے کہا ہے کہ یہ وہی رولٹ ایکٹ جس کے خلاف قائداعظم محمد علی جناح نے نہ صرف اسمبلی فلور پر بھرپور مخالفت کی بلکہ احتجاجا اسمبلی رکنیت سے بھی مستعفی ہوئے۔ آج سوال یہ ہے کہ 25دسمبر کو یہی حکومتی پارٹیاں اور ان کے سہولت کار کس منہ سے یوم ولادت قائداعظم منائیں گے، نہ کوئی شرم ہے نہ حیا۔حافظ حمد اللہ کا کہنا تھا کہ انسداد دہشت گردی کا یہ قانون قائداعظم کے نظریات اور آئین کی روح کے منافی ہے۔ جمعیت علما اسلام اس کالے قانون کو مسترد کرچکی ہے اور آئندہ بھی اسے مسترد کرتی رہے گی۔


