بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موبائل ڈیٹا بحال کردیا گیا

کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موبائل ڈیٹا بحال ہونا شروع، پشین توبہ کاکڑی اور دالبندین میں ڈیٹا بحال ہوچکا بلوچستان ہائیکورٹ کا انٹرنیٹ سروس کو 2 گھنٹوں میں بحال کرنے کا حکم اور سماعت میں بھی 2 گھنٹوں کا وقفہ کردیا گیا ہے۔ بلوچستان ہائی کورٹ میں پبلک ٹرانسپورٹ اور انٹرنیٹ بندش سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس روزی خان بڑیچ اور جسٹس سردار احمد حلیمی پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے سماعت کی۔ عدالت نے کوئٹہ میں موبائل انٹرنیٹ سروس 2 گھنٹے میں بحال کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت میں وقفہ کردیا۔ موبائل فون انٹرنیٹ سروسز کی معطلی کے خلاف چیئرمین کنزیومر سوسائٹی خیر محمد نے آئینی درخواست دائر کی تھی۔ بلوچستان ہائی کورٹ کے احکامات پر صوبے کے مختلف شہروں میں 15 روز بعد موبائل ڈیٹا بحال ہونا شروع ہوگیا، پشین، چمن اور کوئٹہ کے بعض علاقوں میں موبائل انٹرنیٹ سروس بحال ہوگئی۔ یاد رہے کہ صوبائی وزارت داخلہ کی جانب سے 6 اگست کو جاری کردہ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا تھا کہ صوبے میں فوری طور پر موبائل ڈیٹا سروس کی بندش کے احکامات دیے گئے ہیں، جس کا اطلاق 31 اگست تک رہے گا۔ نوٹی فکیشن کے مطابق انٹرنیٹ سروس کی بندش کا فیصلہ سیکیورٹی صورتحال کے تحت کیا گیا ہے۔ نوٹی فکیشن میں متعلقہ اداروں کو 3 جی اور 4 جی سروس کو صوبے میں بند کرنے کی درخواست کی گئی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں