بلوچستان ہائیکورٹ کے حکم پر دالبندین میں ڈیٹا نیٹ سروس بحال، ضلع لسبیلہ میں تاحال انٹرنیٹ سروس بند
نوکنڈی( این این آئی) بلوچستان ہائی کورٹ کے حکم کے بعد ضلع چاغی کے ہیڈکوارٹر دالبندین میں ڈیٹا نیٹ سروس بحال کر دی گئی ہے، تاہم ایم پی اے چاغی و سابق چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کے آبائی شہر نوکنڈی میں اب تک ڈیٹا نیٹ کی بندش برقرار ہے، جس سے صارفین، کاروباری طبقے اور طلبہ کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ نوکنڈی مختلف قبائل کا ایک پرامن گلدستہ ہے جو اپنی بھائی چارگی اور باہمی ہم آہنگی کی وجہ سے شہرت رکھتا ہے، مگر یہاں انٹرنیٹ کی عدم دستیابی شہریوں کے لیے ایک بڑا مسئلہ بن چکی ہے۔ صارفین کا کہنا ہے کہ محدود سہولیات کے باعث پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ بھی دستیاب نہیں جبکہ ڈی پیز نہ ہونے کی وجہ سے نئے کنکشن لگوانا ناممکن ہے۔ شہریوں نے ایم پی اے چاغی محمد صادق سنجرانی سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری طور پر نوکنڈی میں ڈیٹا نیٹ بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں تاکہ عوام جدید سہولیات سے مستفید ہوسکیں اور طلبہ اپنی تعلیمی سرگرمیاں بلا تعطل جاری رکھ سکیں۔ علاوہ ازیں بلوچستان ہائیکورٹ کے احکامات صادر کرنے کے بعد بلوچستان کے بعض پرامن علاقوں میں جزوی انٹرنیٹ کی سروس کو بحال کردیا گیا لیکن پورے بلوچستان کے سرفہرست پرامن ضلع لسبیلہ میں تاحال انٹرنیٹ سروس بحال نہ ہوسکی انٹرنیٹ سروس سے کی بندش کے سبب طلبہ، آن لائن کے کاروبار سے وابستہ افراد روزمرہ کے کام کرنے والے شہری شعبہ صحافت سے وابستہ صحافیوں کو بھی خبروں کی ترسیل، موبائل سروس کے ذریعے آن لائن ٹرانزیکشن میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ جبکہ عوامی حلقوں نے حکومت بلوچستان سے مطالبہ کیا ہے کہ بلوچستان کا پرامن ضلع لسبیلہ میں انٹرنیٹ بحال کیا جائے تاکہ آن لائن کاروباری شخصیات، طلبہ و صحافیوں کی مشکلات کا ازالہ ہوسکے۔


