بنوں میں 70 سے زائد مسلح افراد کا تھانے پر حملہ، کوہاٹ میں پولیس اہلکار شہید، جوابی کارروائی میں 3 حملہ آور ہلاک، پولیس

بنوں، کوہاٹ (انتخاب نیوز) بنوں میں پولیس نے دہشتگردوں کا تھانے پر بڑا حملہ بہادری سے ناکام بنا دیا۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے تھانہ میریان پر حملہ کیا تاہم پولیس کی بروقت اور بھرپور جوابی کارروائی کے باعث دہشت گردوں کو پسپا ہونا پڑا۔ڈی پی او بنوں سلیم کلاچی کے مطابق حملہ 3 اطراف سے کیا گیا، جس میں 70 سے زائد دہشتگرد شامل تھے، انہوں نے کارروائی میں ہلکے اور بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا۔انہوں نے بتایا کہ چوکس پولیس اہل کاروں نے دہشت گردوں کو فوری اور موثر جواب دیا، جس کے باعث فائرنگ کا سلسلہ اگرچہ 20 سے 25 منٹ تک جاری رہا مگر پولیس کی نفری مکمل طور پر محفوظ رہی۔ڈی پی او کے مطابق دہشتگرد کمانڈروں قاری نیاز، سفیر اور رسول کی قیادت میں حملہ آور ہوئے تھے لیکن پولیس کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور تربیت نے انہیں پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔ دوسر ی جانب کوہاٹ کی تحصیل لاچی کے علاقہ درملک پولیس چوکی کے قریب موبائل وین پر فائرنگ کے نتیجے میں پولیس اہلکار شہید اور 2 زخمی ہوگئے۔ حملے کے جواب میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا گیا۔ ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) عباس مجید مروت نے بتایا کہ تھانہ لاچی کی حدود در ملک میں دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کے بعد پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 3 دہشت گردوں کو ہلاک کیا ہے۔ دہشتگردوں کے حملے میں ایک پروبیشنر اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) اشفاق شہید اور 2 کانسٹیبل زخمی ہوگئے تھے۔ پولیس کی نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر آپریشن شروع کیا، سنگلاخ پہاڑوں اور جنگل میں کیے گئے کامیاب آپریشن کے نتیجے میں 3 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، جن کی لاشیں برآمد کر لی گئی ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں