بلوچستان کی مرکزی شاہراہوں پر 24 گھنٹے میں 44 ٹریفک حادثات، 77 افراد زخمی
کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان کی قومی شاہراہوں پر گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 44 ٹریفک حادثات کے نتیجے میں مجموعی طور پر 77 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیکل ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کی رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ حادثات ژوب اور خضدار کی شاہراہوں پر رپورٹ ہوئے، جہاں بالترتیب 11 اور 10 ٹریفک حادثات پیش آئے۔ رپورٹ کے مطابق قومی شاہراہ این-50 ژوب پر 11 حادثات میں 22 افراد زخمی ہوئے جبکہ این-25 خضدار پر 10 حادثات میں 15 افراد زخمی ہوئے۔اسی طرح این-25 مستونگ پر 4 حادثات میں 5 افراد زخمی ہوئے۔ قومی شاہراہ این-25 قلات،این-50 زیارت، ژوب اور این-65 سبی پر دو، دو حادثات رپورٹ ہوئے جن میں مجموعی طور پر 12 افراد زخمی ہوئے۔مزید برآں، قومی شاہراہ این-25 لسبیلہ، وندر، سرانان، این-50 شیرانی اور سوراب پر ایک، ایک ٹریفک حادثہ پیش آیا۔ اسی طرح این-8 کیچ، این-85 پنجگور، واشک، بارکھان اور این-40 نوشکی پر بھی ایک، ایک حادثہ رپورٹ ہوا جن میں مجموعی طور پر 20 افراد زخمی ہوئے۔متعلقہ حکام کا کہنا ہے کہ تیز رفتاری، سڑکوں کی خستہ حالی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی ان حادثات کی بڑی وجوہات ہیں شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی شاہراہوں کی حالت بہتر کی جائے اور ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تاکہ قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع روکا جا سکے۔


