بنوں، ایف سی لائن پر خودکش حملے میں 5 اہلکار زخمی، 4 حملہ آور ہلاک، لکی مروت میں 2 پولیس اہلکار جاں بحق

پشاور (انتخاب نیوز) خیبرپختونخوا کے ضلع بنوں میں دہشت گردوں نے ایف سی لائن پر حملہ کردیا، بمبار نے بارود سے بھری گاڑی ایف سی لائن کی دیوار سے ٹکرا کر دھماکا کردیا، دھماکے کے بعد دہشت گردوں نے ایف سی لائن میں داخلے کی کوشش کی جسے پولیس نے ناکام بنادیا، حملے میں ایس ایچ او سمیت 5 اہلکار زخمی ہوگئے،جوابی کارروائی میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ منگل کی صبح بنوں میں فیڈرل کانسٹیبلری (ایف سی) لائنز کے مرکزی دروازے پر خودکش حملہ آوروں نے بارود سے بھری گاڑی ٹکرادی جس کے نتیجے میں زوردار دھماکا ہوا، پولیس کے مطابق حملہ آور احاطے کے اندر داخل ہو گئے تھے، جس کے بعد آپریشن شروع کیا گیا۔ ایف سی لائنز کے باہر موجود ریجنل پولیس آفیسر سجاد خان نے بتایا کہ آپریشن کی قیادت بنوں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سلیم عباس کر رہے ہیں، ابتدائی اطلاعات کے مطابق فائرنگ کے تبادلے میں کم از کم 5 دہشت گرد مارے گئے جبکہ 5 پولیس اہلکار زخمی ہوئے، سجاد خان کا کہنا تھا کہ آپریشن آخری مرحلے میں داخل ہوچکا ہے۔ ادھر، لکی مروت کے تھانہ سٹی کی حدود مچن خیل اڈہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں