وزیراعلیٰ کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس، بلوچستان میں پہلی ٹرانس جینڈرز پالیسی کی منظوری
کوئٹہ (انتخاب نیوز) وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا 19 واں اجلاس۔ گزشتہ کابینہ اجلاس کی توثیق و پیشرفت کا جائزہ لیا گیا۔ بلوچستان کابینہ نے اقلیتوں کی بہبود کیلئے انڈومنٹ فنڈ قائم کرنے، پروانشل ایوی ایشن اسٹریٹجی و تین سالہ پروگرام برائے ایوی ایشن ڈویلپمنٹ پلان 2025 تا 2027ئ، ساکرن اور کربلا کو تحصیل کا درجہ دینے، بلوچستان میں پہلی ٹرانس جینڈرز پالیسی کی منظوری، قانون شہادت ترمیمی بل کی صوبائی سطح پر توثیق، محکمہ داخلہ کی سفارشات پر نفرت آمیز اشاعت شدہ مواد پر پابندی لگانے کی منظوری، بی ٹی وی ٹی اے کے تحت ٹیکنکل انسٹی ٹیوٹ انٹی گریشن کی توثیق کر دی ،دالبندین میں جدید پرنس فہد اسپتال کا قیام، سپریم کورٹ فیصلے کے مطابق خالق آباد اور شہید سکندر آباد کے نام بحال کرنے، دی ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ رولز 2025 کی منظوری دے دی گئی۔ بلوچستان کابینہ نے افغانستان جانے والے ورلڈ فوڈ پروگرام کی ترسیلات کو ڈویلپمنٹ چارجز سے مستثنٰی قرار دے دیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ صوبائی کابینہ کے فیصلے بلوچستان کے عوامی مفاد اور دیرپا ترقی کی ضمانت ہیں، ہماری حکومت تمام طبقات کو ساتھ لے کر آگے بڑھنے پر یقین رکھتی ہے۔ اقلیتوں، خواتین اور ٹرانس جینڈرز کے حقوق کے تحفظ کیلئے عملی اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ بلوچستان میں صحت، تعلیم اور انفرا اسٹرکچر کے بڑے منصوبے شروع کررہے ہیں۔ کابینہ کے فیصلے شفافیت اور گڈ گورننس کے عملی مظہر ہیں۔


