چمن میں افغان سرحد ہر قسم کی نقل و حرکت کیلئے بند، انٹر نیٹ سروس معطل، بے یارو مددگار سیکڑوں افغان خاندان محصور ہوگئے
چمن (انتخاب نیوز) چمن میں افغان بارڈر پر بم دھماکے کے بعد آج سرحد کو ہر قسم کی نقل و حرکت کے لیے بند، انٹرنیٹ سروس کو بھی معطل کر دیا گیا۔ چمن پاک افغان بارڈر پر پاکستان سے ہجرت کرنے والے سینکڑوں افغان خاندان اس وقت شدید گرمی میں بے یار و مددگار اور محصور ہیں، گزشتہ شب کو چمن پاک افغان بارڈر پر ہونے والے دھماکے میں 6 افراد کے جاں بحق ہونے کے بعد پاکستانی حکام نے باڈر کو مکمل طور پر بند کیاہوا ہے جس کے باعث سیکڑوں افغان خاندان محصور ہیں، ان کے پاس نہ کھانے کو کچھ ہے اور نہ پینے کو۔ دوسری جانب چمن بارڈر پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کر دیے گئے ہیں۔ فوجی اہلکار الرٹ اور آمد و رفت مکمل طور پر بند ہے گزشتہ شب دھماکے کی جگہ پر تحقیقاتی ٹیم موجود ہے جبکہ اعلیٰ افسران کی آمد بھی متوقع ہے چمن بارڈر کی بندش کے باعث سینکڑوں افغان مہاجرین پھنس گئے ہیں اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئی ہیں۔


