عوام انقلاب کے انتظار میں ہیں، تیرہ بمباری میں 2 ماہ کے بچے مرے، آپ کہہ رہے ہیں کچھ نہیں ہوا، محمود اچکزئی
اسلام آباد (ویب ڈیسک) تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے اپنے سوشل میڈیا اکاﺅنٹ ایکس پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تیرہ میں بمباری سے 2 ماہ کے بچے مرے ہیں اور اوپر سے یہ ظلم کہ آپ کہہ رہے ہو کہ کچھ ہوا ہی نہیں اور الٹا یہ کہ اس گھر میں بم بن رہے تھے۔ ہم تیرہ کے مظاہرین کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں۔ ان سے اپیل کرتا ہوں کہ چھوٹے چھوٹے احتجاج کے بجائیں ہم سب ملکر ایک ملک گیر احتجاج کریں۔ جمہوریت، آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری پر یقین رکھنے والے وکیلوں سے اپیل کرتا ہوں کہ بار کے الیکشنز آرہے ہیں ہر امیدوار سے پوچھو کہ 26ویں آئینی ترمیم، عدلیہ کی آزادی پر اپنی رائے دو اور جو اس ترمیم کے خلاف ہو اس کو ووٹ دو۔ پاکستان کے عوام انقلاب کے انتظار میں ہیں۔ بنگلا دیش، سری لنکا اور نیپال میں جو ہوا اس میں کچھ کمیاں تھی۔ پاکستان میں یہ کمیاں نہیں ہونی چاہئے۔ بالکل پر امن طریقے سے عوامی حمایت سے اس حکومت کو نکالیں گے۔ شہباز شریف سن لو! ہم عوام کی حمایت سے اس حکومت کو فارغ کریں گے اور یہ ہم کر کے دکھائیں گے۔ میں ساتھیوں سے مشورہ کرونگا، ہم گلگت سے بلوچستان تک ایسے عوامی کرفیو لگائیں گے کہ آپ وہاں سے گزر نہیں پائیں گے۔ نہ ہم کسی کو گالی دینگے، نہ گولی ماریں گے نا ڈنڈا ماریں گے لیکن پاکستان کے تمام عوام سے کہتا ہوں کہ بنگال، سری لنکا اور نیپال نے اپنا کام کردیا۔ اب ہماری باری ہے۔ شہباز شریف سن لو! ہماری باری ضرور آئے گی اور ہماری باری اس لئے بہتر ہوگی کہ عوام کی حمایت سے آپ کی حکومت گرے گی۔


