وفاقی حکومت نے دو ماہ کے دوران 391 ارب روپے قرض لے لیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی حکومت کی جانب سے رواں مالی سال 2025-26 کے پہلے دو ماہ (جولائی ،اگست) کے دوران 391 ارب روپے قرضہ لیا گیا جو کہ گزشتہ مالی سال 25-2024 کے پہلے 2 ماہ میں لئے گئے 199 ارب روپے کے قرضے کے مقابلے میں دگنا ہے۔ اس حوالے سے اقتصادی امور ڈویژن نے قرضوں سے متعلق رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال کے پہلے ماہ( جولائی) میں 198 ارب روپے جبکہ دوسرے ماہ (اگست) میں 192 روپے سے زائد قرضہ لیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کے دوران مجموعی طور پر 5 ہزار 777 ارب روپے قرض لیا جائے گا، اقتصادی امور ڈویژن حکام کے مطابق باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں سے 6 ارب 40 کروڑ ڈالر قرض حاصل ہوگا۔ رواں مالی سال صرف 40 کروڑ ڈالر مالیت کے بانڈز کے اجرا کا فیصلہ ہوا ہے، ابھی تک 16 کروڑ 83 لاکھ ڈالر کے نیا پاکستان سرٹیفکیٹس جاری کیے۔ اگست میں سعودی آئل فیسیلیٹی کے تحت 10 کروڑ ڈالر موصول ہوئے جبکہ گزشتہ دو ماہ کے دوران 3 کروڑ 24 لاکھ ڈالر کی گرانٹس موصول ہوئی۔ واضح رہے کہ 16 ستمبر کو ملکی قرضوں کے حوالے سے وفاقی وزارت خزانہ کی جانب سے وضاحت جاری کی گئی تھی جس میں ترجمان وزارت خزانہ نے موقف اپنایا تھا کہ تاریخ میں پہلی بار 2600ارب روپے قرض قبل ازوقت واپس کیا گیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں