تربت یونیورسٹی کو مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی باضابطہ منظوری دیدی گئی

تربت (نمائندہ انتخاب) کوالٹی ایجوکیشن اور تحقیق کے میدان میں تربت یونیورسٹی مسلسل کامیابیوں کے سفر پر رواں دواں ہے۔ اعلیٰ تعلیم یافتہ فیکلٹی، معیاری انفراسٹرکچر، جدید سہولیات اور تعلیمی معیار کو مدنظر رکھتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن کے کوالٹی ایشورنس ڈویژن نے تربت یونیورسٹی کو مینجمنٹ سائنسز میں پی ایچ ڈی پروگرام شروع کرنے کی باضابطہ منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی پروگرامز کی تعداد تین ہو گئی ہے، جن میں اس وقت داخلے جاری ہیں۔ تربت یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر گل حسن نے اس اہم کامیابی پر اساتذہ، طلبہ اور انتظامی عملے کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ موقع تربت یونیورسٹی کے لیے ایک تاریخی سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ان مسلسل کامیابیوں سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کا وقار مزید بلند ہوگا۔ انہوں نے فیکلٹی آف بزنس اینڈ اکنامکس کے ڈین ڈاکٹر عدیل احمد، ڈائریکٹر گریجویٹ اسٹڈیز ڈاکٹر وسیم برکت، ڈائریکٹر کوالٹی انہانسمنٹ سیل ڈاکٹر ریاض احمد، چیئرمین شعبہ مینجمنٹ سائنسز ڈاکٹر غلام جان، سابق چیئرمین نوروز خان، شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے فیکلٹی ممبران اور یونیورسٹی کے انتظامی عملے کی مشترکہ کوششوں اور عزم کو سراہا جن کی بدولت یہ کامیابی ممکن ہوئی۔ ڈاکٹر گل حسن نے مزید کہا کہ نئے پی ایچ ڈی پروگرامز کے آغاز سے نہ صرف یونیورسٹی میں علمی اور تحقیقی معیار مزید بہتر ہوگا بلکہ بلوچستان میں معیاری تحقیق کومزید فروغ ملے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ وہ وقت دور نہیں جب تربت یونیورسٹی ملک میں اعلیٰ تعلیم اور معیاری تحقیق کا ایک نمایاں مرکز بن کر سامنے آئے گی۔ واضح رہے کہ اس وقت تربت یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی بلوچی، پی ایچ ڈی بائیوکیمسٹری اور پی ایچ ڈی مینجمنٹ سائنسز کے ساتھ ساتھ ساٹھ سے زائد انڈرگریجویٹ اور گریجویٹ پروگرامز میں بھی داخلے جاری ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں