ذاتی سوچ اور نظریات پارٹی کی موجودہ سمت اور پالیسیوں سے ہم آہنگ نہیں، روبینہ عرفان نے بی اے پی سے علیحدگی اختیار کرلی

قلات (نمائندہ انتخاب) بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کی سینئر مرکزی رہنماءو سابق رکن قومی اسمبلی و سینیٹر ریٹائرڈ بی بی روبینہ عرفان نے پارٹی سے علیحدگی اختیار کرتے ہوئے اپنا باضابطہ استعفیٰ مرکزی صدر بلوچستان عوامی پارٹی نوابزادہ خالد مگسی کو ارسال کر دیا اپنے استعفے میں روبینہ عرفان نے واضح کیا کہ وہ پارٹی کے ساتھ وابستگی کو اپنے لیے اعزاز سمجھتی اور پارٹی کی ترقی کے لیے کردار ادا کرنے پر فخر محسوس کرتی ہیں تاہم وقت کے ساتھ انہیں احساس ہوا ہے کہ ان کی ذاتی سوچ اور نظریات پارٹی کی موجودہ سمت اور پالیسیوں سے ہم آہنگ نہیں رہی یہی وجہ ہے کہ انہوں نے ضمیر کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے فوری طور پر پارٹی سے علیحدگی اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے روبینہ عرفان نے کہا کہ ان کا صوبے اور عوام کے ساتھ عزم ہمیشہ کی طرح مضبوط اور غیر متزلزل ہے وہ آئندہ بھی اپنے اصولوں اور اقدار کی روشنی میں عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی ترقی کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی خدمت ان کا مشن ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کے لیے کسی بھی پلیٹ فارم پر اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی استعفے میں انہوں نے پارٹی قیادت اور کارکنان کے ساتھ گزارے گئے وقت کو یادگار قرار دیا اور نیک تمناﺅں کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی اور اس کے اراکین کے لیے کامیابی کی دعا کی سیاسی مبصرین کے مطابق روبینہ عرفان کا یہ فیصلہ بلوچستان کی سیاست میں نئی تبدیلیوں کا پیش خیمہ ثابت ہو سکتا ہے اور مستقبل قریب میں ان کی سیاسی حکمت عملی پر سب کی نظریں مرکوز رہیں گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں