شوگر ملز مالکان کی مخالفت کے باوجود وفاق نے ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے کا ٹینڈر جاری کردیا

اسلام آباد (انتخاب نیوز) شوگر ملز مالکان کی مخالفت کے باوجود وفاقی حکومت کی جانب سے مزید چینی کی درآمد کے لیے اقدامات جاری ہیں، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان نے ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے ایک اور ٹینڈر جاری کردیا۔ ٹینڈر دستاویز کے مطابق ایک لاکھ میٹرک ٹن چینی کی درآمد کے لیے بولیاں 6 اکتوبر تک طلب کی گئی ہیں جو اسی روز ہی کھولی جائیں گی۔ پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے چینی کی درآمد کی مخالفت کرتے ہوئے وفاقی حکومت کو آگاہ کیا ہے کہ ملک میں کرشنگ سیزن کے آغاز یعنی 15 نومبر تک ملک میں چینی کا وافر ذخیرہ موجود ہے اور چینی درآمد کرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔ اس سے قبل ٹی سی پی نے ایک لاکھ ٹن چینی کی درآمد کا ٹینڈر 23 ستمبر کو کھولا تھا، ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کوٹینڈر کے تحت 4 بولیاں موصول ہوئیں تھیں، ٹی سی پی کو ٹینڈر میں کم سے کم بولی 534.75 ڈالر فی میٹرک ٹن ملی تھی۔ ٹینڈر کے تحت 534.75 سے 568.50 ڈالرز فی میٹرک ٹن بولیاں موصول ہوئیں تھیں، ٹینڈر کے تحت لوئس ڈرئیفوس کمپنی سوئٹزرلینڈ نےسب سے کم بولی دی تھی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں